ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے وی وی پیاٹ لازمی: ڈپٹی کمشنر وجئے شنکر

آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے وی وی پیاٹ لازمی: ڈپٹی کمشنر وجئے شنکر

Tue, 16 Oct 2018 20:41:20    S.O. News Service

بنگلورو،16؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر بنگلور میں آنے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آغاز ہوچکا ہے۔شہر کے ڈپٹی کمشنر وجئے شنکر نے آج بتایاکہ یہ طے کیا گیا ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے دوران شہر کے ہر پولنگ بوتھ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو وی وی پیاٹ نظام سے ہم آہنگ کرنا لازمی قرار دیاجائے گا۔آج ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی ای ایل کے تکنیکی تعاون کے ذریعے وی وی پیاٹ مشینوں کی تیاری اور ان کی جانچ کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے متعلق اگر عوام میں کسی طرح کے شکوک وشبہات ہیں تو حسب سابق اس بار بھی ووٹنگ مشینوں کی جانچ کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے انتظامات جابجا کرانے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ بی ای ایل کے تکنیکی عملے کے ساتھ مل کر ووٹنگ مشینوں کے معائنے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندوں کو بھی اگر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے متعلق شکوک وشبہات ہیں تو ان کا ازالہ بھی تفصیل کے ساتھ کیا جائے گا۔

پولنگ بوتھوں کی تعداد: وجئے شنکر نے بتایاکہ بنگلور اربن ضلع میں آنے والے سات اسمبلی حلقوں میں ووٹروں کی مجموعی تعداد 3200942 ہے۔ ان میں 165134 مرد اور1505808خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ شہر بنگلور میں ووٹنگ کے لئے بوتھوں کی تعداد بڑھا کر انہیں 2997تک لے جانے پر غور کیا جارہاہے۔ حلقہ وار پولنگ بوتھوں کی تعداد بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یلہنکا میں 367 ، بیاٹرائن پورہ میں 397 یشونت پور میں461 داسر ہلی میں 409، مہادیو پورہ میں 466 بنگلور ساؤتھ میں 520، آنیکل میں 368 پولنگ بوتھس شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ یکم جنوری 2019کو جن کی عمر 18 سال کی ہوجائے گی وہ اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کرواسکیں گے۔اس کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے وضع کردہ دستاویزات کی بنیاد پر ناموں کا اندراج کروایا جاسکتا ہے۔ 


Share: